وادی کشمیر میں کورونا وائرس میں مبتلا مزید دو مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے جس کے ساتھ جموں وکشمیر میں اس عالمی وبا سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 26 تک پہنچی ہے۔26 میں سے 23 اموات کشمیر جبکہ دیگر تین صوبہ جموں میں رپورٹ ہوئی ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سرنل اور دارالحکومت سرینگر کے فتح کدل سے تعلق رکھنے والے دو کورونا مریضوں کی بالترتیب گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ اور سی ڈی ہسپتال سری نگر میں موت واقع ہوئی ہے۔
جی ایم سی اننت ناگ کے پرنسپل ڈاکٹر شوکت گیلانی نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے سرنل سے تعلق رکھنے والے 70 سالہ مریض، جو نمونیا میں مبتلا تھا، کو رواں ماہ کی 25 تاریخ کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ مریض منگل کو انتقال کرگیا جبکہ اس کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
سرینگر میں تعینات کووڈ 19 کے نوڈل افسر ڈاکٹر سلیم خان نے بتایا کہ ضلع سرینگر کے فتح کدل سے تعلق رکھنے والے ایک 55 سالہ شخص کی یہاں سی ڈی ہسپتال میں دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ مریض کو گذشتہ ہفتے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سے سی ڈی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
جموں وکشمیر میں اب تک کورونا وائرس کے مریضوں کی جو 26 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، ان میں سے سب سے زیادہ ضلع سرینگر میں سات، اننت ناگ میں پانچ، بارہمولہ اور کولگام اضلاع میں چار چار، بڈگام اور جموں اضلاع میں دو دو اور بانڈی پورہ و ادھم پور اضلاع میں ایک ایک موت رپورٹ ہوئی ہے۔