لداخ یونین ٹریٹری کے کمشنر سکریٹری رگزن سیمفل نے ہفتہ کے روز میڈیا کو بتایا: 'لیہہ ضلع انتظامیہ نے روم بک اور اولیہہ کے دو علاقوں میں، جہاں چیتے کو دیکھنے کے لئے کافی لوگ آتے ہیں، لوگوں کے جانے پر ایک ماہ تک پابندی عائد کی ہے'۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بھی ایک علاقے میں لوگوں کے جانے پر کچھ دنوں کے لئے پابندی ہے۔
موصوف کمشنر سکریٹری نے کہا کہ ایران سے لوٹنے والے لداخ کے کچھ لوگ، جو جموں میں ہیں، میں سے دو کے رپورٹس مثبت آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں پہلے ہی دو نوڈل افسران جو کرگل ہاؤس اور لداخ ہاؤس دیکھتے ہیں، تعینات ہیں، وہاں لداخ کے لوگوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
سیمفل نے ان لوگوں اور رضاکارانہ تنظیموں جو ہارٹ فاؤنڈیشن ہسپتال میں حکومت کے زیر نگرانی لوگوں کی مدد کرتے ہیں، سے اپیل کی کہ وہ ان کی براہ راست مدد کرنے کے بجائے متعلقہ سی ایم او یا ناظم صحت کے ساتھ رابطہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ زیرنگرانی لوگوں کے ساتھ براہ راست رابطہ دونوں کی صحت کے لئے ٹھیک نہیں ہے۔
موصوف کمشنر سکریٹری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اب تک 70 نمونے ٹیسٹ کے لئے بھیجے گئے ہیں جن میں 35 نمونوں کے ٹیسٹ ابھی آنا باقی ہیں۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے محکمہ صحت کی طرف جاری ایڈوائزری پر من و عن عمل کریں۔
موصوف کمشنر سکریٹری نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بہ حالت مجبوری ہی گھروں سے باہر نکلیں اور بھیڑ بھاڑ میں جانے سے ہر حال میں احتراز کریں۔
بتادیں کہ لداخ یونین ٹریٹری میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد تین ہے۔ انتظامیہ نے اس وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے یونین ٹریٹری کے دونوں اضلاع میں تمام تعلیمی اداروں کو تا حکم ثانی بند کیا ہے۔
ادھرجموں وکشمیر انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے پیش نظر تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں بشمول اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں درس وتدریس کا عمل 31 مارچ تک معطل رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ تاہم بورڈ اور دیگر مسابقتی امتحانات شیڈول کے مطابق لئے جائیں گے۔ حکومت نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر اور پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرنے سے گریز کریں۔
جموں میں تمام سینما گھروں کو بند اور جموں اور وادی میں تمام آنگن واڑی سینٹروں کو بھی ماہ رواں کی 31 تاریخ تک بند کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے گھبرانے کے بجائے احتیاط کریں اور انتظامیہ کے ساتھ وقت ضرورت تعاون کریں۔