کرگل میں ان دنوں کورونا وائرس کے تیزی کے ساتھ پھیلنے کی وجہ سے ایک طرف ضلع انتظامیہ اس وبا کو روکنے کی ہر ممکن کوشش میں ہمہ تن مصروف ہے وہیں دوسری جانب مذہبی تنظیمیں بھی رضاکارانہ طور پر ضلع انتظامیہ کے تعاون میں لگی ہوئی ہے۔
اس سلسلہ میں ایک نو برس کے لڑکے محمد کمیل ولد محمد حسن ساکن گنڈ منگلپور کرگل جس نے اپنے جمع کئے ہوئے عیدی کی رقم اپنے اکاونٹ سے تین ہزار روپے قرنطینہ سینٹر کرگل کو عطیہ کر کے مثال قائم کی ہے۔
اس دوران ڈی ایم کرگل بصیر الحق چودھری نے اس بچے کی جم کر تعریف کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وہیں سوشل میڈیا پر اس بچے کی دریا دلی، فراخ دلی اور فیاضی کے لیے پُرزور پذیرائی ہو رہی ہے۔ ہر چہار جانب اس بچے کی پیش رفت سے لوگوں میں بھی اس طرح کی مثال پیش کرنے کا حوصلہ قائم ہوا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے اس بچے کے قرب و جوار کے لوگوں سے بات چیت کی تو متعدد لوگوں نے اس بچے اس اقدام کی ستائش کی اور دوسرے لوگوں کو اس طرح کے نیکی کرنے کے لیے سامنے آنے کی تلقین کی۔
بتادیں کہ لداخ میں ابھی تک 13 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے دو صحت یاب ہوگئے ہیں، تاہم انہیں ابھی گھریلو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
جموں و کشمیر کی طرح لداخ میں بھی انتظامیہ نے سخت ترین پابندی عائد کر رکھی ہے، تاکہ اس وبا کی زنجیر کو توڑا جا سکے۔