جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کورونا وائرس کو تیسری عالمی جنگ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ 'اگر میں روزانہ کے واقعات کا خلاصہ پیش کروں گا تو کشمیر میں کسی کو بھی نیند نہیں آئے گی۔ انہوں نے لوگوں کو انا چھوڑ کر مل جل کر کام کرنے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کی صلاح دی ہے۔'
مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کافی سرگرم رہنے والے ڈاکٹر شاہد چودھری نے اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'یقین کریں اگر میں روزانہ کے واقعات کا خلاصہ پیش کروں گا تو کشمیر میں کسی کو بھی نیند نہیں آئے گی۔ آئیں اپنی انا کو ایک طرف رکھیں اور مل جل کر کام کریں۔ خوف وہراس کو بڑھانے کے بجائے ایک دوسرے کی مدد کریں۔ یہ تیسری عالمی جنگ ہے۔ اس سے کم نہیں۔ اگر اس سے نجات ملی تو ہمارے پاس بقیہ زندگی دوسری چیزوں کے لئے ہے'۔
ضلع مجسٹریٹ سری نگر کی اس ٹویٹ کو سوشل میڈیا بالخصوص ٹویٹر اور فیس بک پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا اور اکثر سوشل میڈیا صارفین نے موصوف سے اپنے ٹویٹ کا خلاصہ کرنے کی اپیل کی۔
ڈاکٹر شاہد چودھری نے قریب پانچ گھنٹے بعد اپنے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان تاثرات کا اظہار میں نے خالصتاً مسافروں کی طرف سے اسکریننگ سے بچنے، اپنی سفری ہسٹری چھپانے اور عدم تعاون کے تناظر میں کیا۔ ان کا کہنا تھا: 'ان تاثرات کا اظہار میں نے خالصتاً مسافروں کی طرف سے سکریننگ سے بچنے، اپنی سفری ہسٹری چھپانے اور عدم تعاون کے تناظر میں کیا۔ میں خوش ہوں کہ تبدیلی آرہی ہے۔'
لوگ کنٹرول رومز کے ساتھ رابطہ قائم کررہے ہیں اور اپنی سفری ہسٹری رضاکارانہ طور پر ظاہر کررہے ہیں'۔
دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ نے ان تمام ہوٹل مالکان کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے بقول ان کے کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے اپنے ہوٹلوں کی چابیاں انتظامیہ کو رضاکارانہ طور پر سونپ دیں۔
انہوں نے ڈل جھیل کے کنارے بلیوارڈ روڑ پر واقع مشہور ہوٹل شاہ عباس کے مالکان کی سراہتے کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا: 'ٹائیگر زندہ ہے! آئیں مسٹر مرزا ارشاد کو شاباشی دیتے ہیں جنہوں نے یہاں آکر ہمیں لوگوں کو قرنطینہ میں رکھنے کے لئے اپنے ہوٹل کی چابیاں دیں'۔
انہوں نے ایک اور پرتعیش ہوٹل کے مالک سہیل بخاری کی سراہتے کرتے ہوئے کہا: 'ٹائیگر زندہ ہے دوم: دوست مسٹر سہیل بخاری نے ہمیں کورونا وائرس چیلنج سے نمٹنے کے لئے اپنے 40 بستروں والے پرتعیش ہوٹل کی چابیاں دیں'۔
بتادیں کہ وادی کشمیر میں کورونا وائرس کا جو ایک مثبت کیس سامنے آیا ہے اس مریض کا تعلق سری نگر سے ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے سری نگر میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے دفعہ 144 کے تحت سخت پابندیاں عائد کرنے کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ کے چلنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔