انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان ریڈ زونز میں لوگوں کی ٹیسٹنگ کی جائے گی تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی مکمل جانکاری ہو اور جس سے لاک ڈاؤن کے متعلق بھی اندازہ ہو سکے۔
جموں و کشمیر کے فائنانشل کمشنر محکمہ صحت و طبی تعلیم اتل ڈلو نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ سرکار نے گزشتہ روز 1200 ریپڈ ٹیسٹنگ کٹز لائے ہیں جن کو ریڈ زونز میں لوگوں کے ٹسٹ کرنے کیلئے استعمال میں لایا جائے گا۔
جموں و کشمیر میں 90 علاقوں کو ریڈ زونز قرار دیا گیا ہے جن میں 76 علاقے وادی کشمیر میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر ایک ریڈ زون میں زیادہ سے زیادہ اور مشتبہ افراد کے ٹسٹ کئے جائیں گے تاکہ کووڈ 19 کے پھیلاؤ کے متعلق ٹھوس جانکاری ہو۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ سے ہی لاک ڈاؤن میں توسیع یا کمی کرنے کی بھی جانکاری مل سکے گی جس سے آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جا سکتا ہے۔
اتل ڈلو کا مزید کہنا تھا کہ ریڈ زونز کے مطابق ہی ان کٹز کو دستیاب رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ضرورت کے مطابق مزید کٹز لائے جائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے 328 کیسز کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ پانچ معمر افراد اس مہلک بیماری سے فوت ہو چکے ہیں۔
ان مثبت افراد میں 258 ایکٹو کیسز ہیں جبکہ باقی صحتیاب ہونے کے بعد گھریلو قرنطینہ میں رکھے گئے ہیں۔