گاندربل: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے گاندربل میں ایک ماہ قبل موسلا دھار بارش کے دوران گرے چنار کے درخت ابھی نہیں ہٹایا گیا ہے۔ اس سے عام لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی باشندوں نے انتظامیہ پر عدم توجہی کا الزام لگایا ہے۔ ضلع انتظامیہ کی بے حسی کے باعث ایک ماہ قبل موسلادھار بارش کے نتیجے میں صدیوں پرانا چنار کا درخت جڑوں سے اکھڑ کر زمین بوس ہوگیا۔ اس کے نتیجے میں سالورہ رابطہ سڑک کا ایک حصہ نا قابل آمد و رفت بن گیا۔ پچھلے ماہ مسلسل موسلا دھار بارش کی وجہ سے سالورہ رابطہ سڑک پر 7 جولائی کو وانی پورہ کے مقام پر سڑک کنارے صدیوں پرانا چنار کا درخت زمین بوس ہو گیا۔
تاہم غنیمت رہی کہ چنار کا درخت خالی اراضی پر گرا جس کی وجہ سے جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تاہم درخت گرنے سے سالورہ رابطہ سڑک کا ایک حصہ مکمل طور پر ناقابل آمد و رفت بن گیا، جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس بارے میں سماجی کارکن بلال احمد نے بتایا کہ 7 جولائی کو مسلسل بارش کی وجہ سے سڑک کنارے پر صدیوں پرانا چنار کا درخت گر گیا۔ اس کی جڑوں کی وجہ سے سڑک کے ایک حصے سے نقصان پہنچا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Local Residents Protest اننت ناگ کے گونجی واڑہ میں مقامی باشندوں کا میونسپل کونسل کے خلاف احتجاج
تاہم ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایک ماہ مکمل ہونے کے باوجود بھی ابھی تک نہ ہی چنار کا درخت اٹھایا گیا اور نہ ہی سڑک کی مرمت کی گئی جس کی وجہ سے طلباء اور مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس بارے میں جب اسٹنٹ ریونیو کمشنر گاندربل الطاف احمد سے نمائندہ نے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ چنار کے درخت کو اٹھانے کے لئے صوبائی کمشنر سے اجازت لینی پڑتی ہے جس کے بعد اسے اٹھانے کی کارروائی کی جاتی ہے۔ 8 اگست 2023 کو چنار کی نیلامی کی جائے گی جس کے بعد سڑک کی مرمت ہوگی۔