بی جے پی کی اعلی قیادت اور این ڈی اے حکومت کے سلسلہ وار بیانات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ، پی سی سی کے چیف ترجمان رویندر شرما نے ایک سوال اٹھایا کہ کیا دفعہ 370 کو منسوخ کرنے میں سب کچھ ٹھیک ہے، پھر بی جے پی اور آر ایس ایس مقامی باشندوں کے حقوق کے تحفظ کی حمایت کیوں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'بی جے پی دفعہ 370 کے خاتمے کو مہاراشٹر اور ہریانہ انتخابات میں سیاسی مفاد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔جس طرح دفعہ 370 کو بی جے پی سیاسی مفاد کے طور پر استعمال کررہی ہے، اس سے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ بی جے پی نے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی پہلے سے کی تھی'۔
شرما نے کہا کہ 'بی جے پی سب سے قدیم ڈوگرہ ریاست کے خاتمے کی وضاحت اور جواز پیش کرنے میں ناکام رہی ہے'۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان اور جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں پر تنقیدکرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو نے کہا تھا کہ پاکستان ، نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما عوام کو گمراہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ مگر عوام کو ان کے مطالبوں میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ عوام ترقی اور امن چاہتی ہے۔
رام مادھو کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کی بہبودگی دفعہ 370 منسوخی کے بعد ہی ممکن ہے۔انہوں نے حإب مخالف جماعتوں کے رہنماؤں کو ترقی کے معاملات پر سیاست کرنے کی تلقین کی تھی۔