بھارتیہ جنتا پارٹی نے اننت ناگ میں ہونے والے سرپنچ کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی جانب سے جموں و کشمیر میں جاری امن و امان کو ناکام بنانے کی کوشش قرار دیا ہے۔
جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینا اور پارٹی کے جنرل سکریٹری شوک کول نے اجے پنڈتا کے وحشیانہ قتل کی مذمت کی ہے۔ اجے پنڈتا بھارتی کا تعلق جموں و کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے ڈورو علاقے سے تھا۔
رویندر رینا نے کہا کہ ' پاکستان اور اس کے زیر سرپرستی شدت پسندوں کو بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے مسلسل کامیاب کارروائیوں سے دھچکا لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام ترقی کی راہ پر گامزن ہیں اور شدت پسندوں کی جانب سے اس طرح کی بزدلانہ کاروائیاں امن او امان کو پٹڑی سے نہیں روک سکتی ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ' بھارتی فورسز نے وادی میں شدت پسندوں کو بے اثر کردیا ہے اور عسکریت پسندی تباہی کے دہانے پر ہے۔
رینا نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے کافی خونریزی دیکھی ہے اور اب وہ پاکستان کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اجے پنڈتا کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کی ہلاکت میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔
واضح رہے کہ آج شام اننت ناگ ضلع میں لکہ بھون لارکی پورہ کے مقام پر ایک مقامی سرپنچ پر نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ڈاکٹرز نے مردہ قرار دیا۔
ہلاک شدہ سرپنچ کی شناخت اجے پنڈتا بھارتی کے طور پر ہوئی ہے اور وہ کانگریس پارٹی سے منسلک تھے۔