ڈوڈہ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں لشخ کے طلباء وطالبات کے درمیان پردھان منتری اچتر شکشا پروتساہن یوجنا کو لے کر بیداری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس اسکیم کو تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں نافذ کیا جاتا ہے تاکہ ان طلباء کو مالی امداد فراہم کی جا سکے جنہیں اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے کے لیے فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ ڈوڈہ اس اسکیم کے بارے میں وسیع پیمانے پر تشہیر کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے تاکہ مستحق امیدوار فائدہ اٹھا سکیں۔
اس اسکیم کے آغاز سے طلبہ بہت خوش ہیں کیونکہ اس سے قبل بڑی تعداد میں طلبہ کو مالی کمزوری کی وجہ سے اپنی پڑھائی روکنی پڑتی تھی۔ طلباء کا کہنا تھا کہ اس سکیم سے مالی تنگی کی رکاوٹ دور ہو گئی ہے۔ اب وہ مالی طور پر کمزور ہونے کے باوجود اپنی تعلیم مکمل کر سکتے ہیں۔ طلباء نے معاشرے کے غریب اور معاشی طور پر کمزور طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے ایسی اسکیم شروع کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: Literary Event In Ganderbal تقریب کا مقصد نوجوان نسل میں کشمیریت کو فروغ دینا ہے
اس اسکالرشپ اسکیم کے تحت ہر سال تقریباً 4000 طلباء کو ترغیبی رقم فراہم کی جاتی ہے۔ اس سکیم میں منتخب طلبا کو ماہانہ 2500 روپے ملتے ہیں جب کہ طالبات کو 3000 روپے ماہانہ ملتے ہیں۔ اس اسکیم کا حصہ بننے کے لیے اہل طلبہ کو آن لائن درخواست دینی پڑتی ہے۔