جموں و کشمیر کے شمالی ضلع بارہمولہ میں واقع عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ رات آگ کی ایک بھیانک واردات میں ایک فوجی افسر جھلس کر ہلاک ہوگیا۔ مہلوک فوجی کی شناخت کارپس سگنلس کے میجر انکت بدھ راج کی طور پر ہوئی ہے جو ایس ایس ٹی سی گلمرگ سے منسلک تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ میجر انکت بدھ راج اپنے پالتو کتے کو بچانے کے دوران شدید طور پر جھلس گیا جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ تاہم جھلسنے سے پہلے انہوں نے اپنی بیوی اور ایک پالتو کتے کی جان بچانے میں کامیابی حاصل کی۔
ذرائع نے بتایا کہ گلمرگ میں واقع 'آفیسرس ہٹ' میں ہفتہ کی رات دیر گئے بھیانک آگ بھڑک اٹھی۔ انہوں نے کہا کہ میجر انکت نے آگ کے شعلوں کو دیکھتے ہی اپنی بیوی اور اپنے ایک پالتو کتے کو 'ہٹ' سے باہر نکالا تاہم جب وہ اپنے دوسرے پالتو کتے کو بچانے کے لئے ہٹ میں داخل ہوئے تو اس دوران وہ شدید طور پر جھلس گئے جس کے نتیجے میں ان کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ حادثے میں ان کے ایک کتے کی بھی موت واقع ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ مہلوک میجر کی لاش کا سب ضلع ہسپتال ٹنگمرگ میں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 'آفیسرس ہٹ' میں لگی آگ کو فائر بریگیڈ اور مقامی پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران قابو پایا۔