سرینگر میں محکمہ باغبانی کی جانب سے ’مارکیٹ انٹروینشن ٹارگیٹ اسکیم‘ سے متعلق ایک سرکاری تقریب منعقد کی گئی جس میں گورنر ستیہ پال ملک اور انکے مشیروں اور محکمہ باغبانی کے اعلیٰ افسران کے علاوہ وادی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے درجنوں کسانوں نے شمولیت کی۔
انتظامیہ کے مطابق اس اسکیم کے تحت سرکار کاشت کاروں سے میوہ جات خرید کر مناسب قیمت ادا کرے گی۔
تقریب کے حاشیےپر ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کسانوں اور باغ مالکان نے کہا کہ ’’یہ اسکیم سرکار کی جانب سے اٹھایا گیا ایک اچھا قدم ہے، اور اس سے باغ مالکان کو فائدہ پہنچے گا۔
باغ مالکان نے مزید کہا کہ 'گزشتہ کئی برسوں سے نا مساعد حالات کے سبب اس صنعت کو نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔'
کسانوں نے امید ظاہر کی کہ اس اسکیم سے انکی کئی پریشانیاں دور ہوں گی اور انہیں سرکار کی جانب سے میوے کی اچھی قیمت ملے گی۔
محکمہ ہارٹیکلچر پلاننگ و مارکیٹنگ کے ڈائرکٹر سید شاہنواز بخاری نے اس موقع پر ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے تحت سرکار کی جانب سے سیب مالکان کو مناسب قیمت ادا کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے وادی کے شوپیاں، اننت ناگ، پارمپورہ اور سوپور میں سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں سیب مالکان میوہ جات کو لاسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے لانچ کی گئی اس اسکیم کے کامیاب ہونے پر مزید سینٹرز کھولے جائیں گے۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڑی تصور کی جانے والی میوہ صنعت خصوصاً سیب کی کاشت کا سیزن ان دنوں عروج پر ہے تاہم نامساعد حالات اور غیر یقینیت کے بیچ کسانوں اور میوہ صنعت سے جڑے تاجرین کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔