ایک اہم سیاسی پیش رفت کے تحت حال ہی میں قائم کی گئی سیاسی جماعت 'جموں و کشمیر اپنی پارٹی' کا ایک وفد وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرے گا۔ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ جموں و کشمیر کی کسی سیاسی جماعت کے نمائندے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق وفد کی سربراہی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری کریں گے اور ہفتے کے روز وزیراعظم سے ملاقات متوقع ہے۔ امکان ہے کہ مذکورہ وفد وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی ملاقات کرے گا۔
بتایا جاتا ہے کہ وفد ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس دینے سمیت نوکریوں اور زمین پر مالکانہ حقوق بحال کرنے کی مانگیں وزیراعظم کے سامنے رکھے گا۔
واضح رہے کہ 'اپنی پارٹی' سابق وزیر خزانہ سید الطاف بخاری نے قائم کی۔ الطاف بخاری پی ڈی پی کے سینیئر رہنماؤں میں سے ایک تھے۔ اپنی پارٹی میں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما شامل ہیں۔