جواہر انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹینرینگ اینڈ ونٹر اسپورٹس - پہلگام میں سویلین انسٹرکٹر محفوظ الہیٰ حجام نے ماؤنٹ ایورسٹ کو کامیابی کے ساتھ سر کیا ہے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے رہائشی 26 سالہ حجام نے یکم جون 2021 کو صبح 6 بجکر 20 منٹ پر دنیا کی بلند ترین چوٹی کو سر کیا۔
حجام اس ٹیم کا ایک حصہ تھے جس کی سربراہی کرنل آئی ایس تھاپا نے کی، جو جے آئی ایم ڈبلیو ایس پہلگام کے پرنسپل ہے۔ ٹیم کے دیگر ممبروں میں دیپ ساہی، انیل چوہدری، اقبال خان، چندن نیگی اور نہرو انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹینئرنگ (این آئی ایم) کے پرنسپل کرنل امیت بشت شامل تھے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی کشمیری نے دنیا کی بلند ترین چوٹی کو سر کیا ہو۔ اس سے قبل رفیق ملک ایورسٹ کو سر کرنے والے پہلے کشمیری بن گئے تھے۔
کرنل ستیش شرما کی زیرقیادت پہلی نیشنل کیڈٹ پارپس (این سی سی) ٹیم کے ساتھ رفیق 20 مئی، 2013 کو اپنی ٹیم کے ممبر رگھو، رجت، کرما اور سندیپ کے ہمراہ چوٹی پر پہنچ گئے۔ جس کے بعد کشمیر کے متعدد پولیس اہلکار ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچ گئے۔
ادھر سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے محفوظ کو ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے موصوف نوجوان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’مبارک ہو محفوظ، خدا کرے آپ اسی طرح بلندیوں کو سر کرتے رہیں‘۔
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے محفوظ الٰہی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’محفوظ الٰہی کو ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے پر مبارک باد، جموں و کشمیر کے نوجوان تمام مشکلات کے با وصف بہت ہی حوصلہ مندی کا مظاہرہ کرتے ہیں‘۔