جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد میں مسلسل ہو رہے اضافہ کی وجہ سے جموں کشمیر میں اننت ناگ ضلع سر فہرست ہے ۔ایک ماہ کے اندر 146 مثبت معاملات سامنے آئے ہے اور اب تک ایک کی موت بھی ہوچکی ہے۔
ایک پولیس افسر کے مطابق لاک ڈاون اور امن امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس اہلکاروں کو زیادہ متحرک رہنا پڑتا ہے۔ لہذا پولیس محکمہ میں مثبت معاملات سامنے آنا باعث تشویش ہے اور ایسی صورتحال میں کام کرنا پولیس کے لئے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔
ادھر تازہ مثبت معاملات میں چھہ کا تعلق سیر ہمدان سے ہے جو چند روز قبل دہلی سے لوٹے تھے۔ اس کے بعد انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ ان افراد کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں آکورہ کووڈ سینٹر میں آئسولیشن میں رکھا گیا۔
طبی انتظامیہ کے افسران کے مطابق آنے والے چند روز کے اندر کافی لوگ باہر کی ریاستوں سے یہاں پہنچنے والے ہیں۔ لہذا کورونا وائرس کی تعداد میں مزید اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع اننت ناگ میں 15علاقوں کو ریڈ زون جبکہ متصلہ 44علاقوں کو بفر زون قرار دیا گیا ہے۔ ضلع میں کورونا کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد نوگام علاقہ میں ہے۔ اسی علاقہ سے کورونا کا پہلا مثبت معاملہ سامنے آیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس علاقہ کو آج اننت ناگ کا، وُہان کہا جاتا ہے۔ وہیں کورونا وائرس کی زنجیر کو توڑنے کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور پابندیوں کو مزید سخت کیا گیا ہے۔