جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کھل چوہر علاقے میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم میں تین عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
کھل چوہر کے انکاؤنٹر کے دوران قصبہ اننت ناگ کے رہنے والے لشکر طیبہ کمانڈر طاریق احمد خان کی ہلاکت کے بعد پورے اننت ناگ کو سیل کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی دلباغ سنگھ کے مطابق تصادم میں تین عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں ۔ ہلاک شدہ عسکریت پسندوں میں اننت ناگ کے رہنے والے لشکر طیبہ کے کمانڈر طاریق احمد خان، کولگام کے نوید احمد اور ضلع ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے حزب المجاہدین کمانڈر مسعود شامل ہیں۔
قصبہ اننت ناگ کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو خار دار تاروں سے بند کر دیا گیا اور لوگوں کی آمد ورفت پر روک لگانے کے لئے جگہ جگہ پر حفاظتی دستوں کو تعینات کیا گیا۔
اس دوران حکام نے اننت ناگ ضلع میں انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی ہیں۔ کسی بھی امکانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پورے قصبے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کی تعداد 45 پہنچ گئی اور اس سال ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کی تعداد 116 ہوگئی۔