سرینگر: مزکر کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں کھیل کو د کی سرگرمیوں کے ذریعہ نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی صلاحیت نکھارنے کی کوشش تیز کردی گئی ہے۔ یوٹی جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں کرکٹ سمیت مختلف کھیل کود کے مقابلوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔
یوٹی جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں خواتین کو بااختیار بنانے اور شہریوں کے ساتھ مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کھیل کود کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ اسی ضمن میں بھارتی فوج نے 19 اگست سے 27 اگست 2023 تک کشمیر ویمن ٹی20 کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا۔ اس میں مختلف علاقوں سے کل 12 خواتین ٹیموں نے حصہ لیا۔ 12 ٹیموں نے 19 سے 25 اگست تک لیگ کم ناک آؤٹ میچ کھیلے اور اس کے بعد دو ٹیمیں یعنی اننت ناگ ریبلس اور بڈگام اسٹرائیکرز فائنل میں پہنچیں۔
یہ بھی پڑھیں:Seer Premier League Cricket Trophy: بٹہ گنڈ ٹیم نے 'سیر پریمیئرلیگ' میں حاصل کی کامیابی
اننت ناگ ریبلز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڈگام اسٹریکرس کو تین وکٹوں سے شکست دے کر کشمیر ویمنز لیگ 2023 کا اخطاب اپنے نام کرلیا۔
فائنل میچ کے مہمان خصوصی منوج سنہا، لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر تھے۔ اس موقعے پر بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم سابق کپتان میتھالی راج بھی موجود تھیں۔ فاتح ٹیم اننت ناگ ریبلس اور رنرز اپ ٹیم بڈگام اسٹرائیکرس کو مہمان خصوصی نے ٹرافیاں اور خوبصورت نقد انعامات سے نوازا۔