جموں و کشمیر انتظامیہ نے اتوار کے روز یونین ٹیریٹریری میں کووڈ-19 کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے تک تمام عوامی پارکوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی ایکزیکیٹو کمیٹی (ایس ای سی) نے تمام 20 اضلاع میں میونسپلٹی حدود اور شہری بلدیاتی حدود میں رات کے کرفیو میں دو گھنٹے کا اضافہ کیا ہے۔
ایس ای سی ممبر سکریٹری سمرندیپ سنگھ نے کہا کہ 'جموں وکشمیر میں موجودہ کووڈ-19 کی صورتحال کی وجہ سے ایس ای سی نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعہ 24 کے تحت حاصل شدہ اختیارات کا استعمال کر کے حکم جاری کیا ہے کہ تمام عوامی پارکوں (پیڈ پارکوں) کو اگلے احکامات تک عوام کے لئے بند رکھا جائے گا۔'
انہوں نے بتایا کہ ایس ای سی نے تمام اضلاع کی میونسپل حدود اور شہری بلدیاتی حدود میں رات کے کرفیو کے وقت کو بھی شام 10 بجے سے صبح 6 بجے کی بجائے شام 8 بجے سے صبح 6 بجے تک کر دیا ہے۔
8 اپریل کو انتظامیہ نے آٹھ اضلاع کے شہری علاقوں میں رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا حکم دیا تھا جسے بعد میں 20 اپریل کو یونین علاقہ کے تمام 20 اضلاع کی میونسپل اور شہری بلدیاتی حدود تک بڑھا دیا گیا تھا۔
جموں وکشمیر انتظامیہ نے ہفتے کی شام 8 بجے سے پیر کی صبح 6 بجے تک 34 گھنٹوں کا کرفیو نافذ کردیا تھا۔