محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق وادی میں موسم 11 جنوری تک خشک رہنے کی توقع ہے تاہم 12 اور 13 جنوری کو موسم ایک پھر کروٹ بدل سکتا ہے۔
وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج بہتری واقع ہورہی ہے۔ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب کے درجہ حرارت سے منفی 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے۔
ادھر وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ بدھ کے روز لگاتار تیسرے دن بھی ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہی جبکہ سری نگر – لیہہ قومی شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ سال گزشتہ کے ماہ دسمبر سے ہی مسلسل بند ہیں۔
وادی میں شہنشاہ زمستان چلہ کلان کے 19 ویں دن بدھ کے روز محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق موسم خشک رہا اور آفتاب بھی کئی روز بعد بادلوں کی اوٹ سے دن میں بسا اوقات باہر آیا۔
وادی میں گزشتہ تین روز سے ہوئی برف باری کے باعث مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں قریب ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ دوسرے صحت افزا مقام پہلگام میں بھی قریب 9 انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے اور کئی بالائی علاقوں میں بھی برف کی پرت بدھ کی صبح تک موجود تھی۔