انہوں نے کہا کہ ماسک کا استعمال نہ کرنے والے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ پورے سماج کے لئے خطرات پیدا کررہے ہیں۔
بصیر خان نے بدھ کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتایا: 'دیکھا جا رہا ہے کہ بارہا کہنے کے بعد بھی زیادہ تر لوگ ماسک کا استعمال نہیں کر رہے ہیں جس کی وجہ سے انفیکشن پھیلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے'۔
انہوں نے کہا: 'وائرس کی روک تھام کے لئے ضروری ہے کہ ہر ایک انسان، چاہے وہ کس بھی عمر کے زمرے میں ہے، وہ ماسک کا خاص طور پر استعمال کریں۔ طبی طور پر ماسک پہننا کورونا سے بچائو کا سب سے بڑا ذریعہ مانا گیا ہے'۔
مشیر موصوف نے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ جو لوگ ماسک کا استعمال نہیں کرتے ہیں وہ کورونا کا شکار ہو رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'ماسک نہ پہننے والے لوگ اپنے دیگر افراد خانہ کے لئے مشکلیں پیدا کر رہے ہیں۔ میری تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ ماسک کا استعمال ضرور کریں۔ بغیر ماسک پہنے گھر سے ایک قدم بھی باہر نہ رکھیں۔ نیز سماجی دوری کا بھی خاصا خیال رکھیں۔ نزدیک جانے کی بجائے دور سے بات کریں'۔
بصیر خان نے کہا کہ کورونا سے بچائو کے لئے نافذ تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس وائرس متاثر ہونے سے بچا جاسکے۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'اس سے پہلے کہ ہم بھاری جرمانہ عائد کرنا شروع کریں آپ کے لئے بہتر یہ ہے کہ آپ ماسک کا استعمال کریں، سماجی دوری کا خاص خیال رکھیں۔ خود ایک صحت مند زندگی گزاریں اور دوسروں کے لئے انفیکشن کا ذریعہ نہ بنیں'۔