ریاست ہماچل پردیش کے سولن کے رکن اسمبلی کرنل دھنی رام شانڈل نے یوم اساتذہ کے موقع پر بھارت کے پہلے نائب صدر جمہوریہ اور دوسرے صدر جمہوریہ ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں ایک ایسے انسان کے ساتھ کام کر چکا ہوں جن کی یوم پیدائش پر آج پورے ملک میں یوم اساتذہ منایا جا رہا ہے۔
کرنل دھنی رام جو کہ ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کے باڈی گارڈ کے فرائض انجام دے چکے ہیں، نے ان کے دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب آٹھ ڈوگرا ریجمنٹ 1965 میں پریزیڈنٹ باڈیگارڈ فورس میں تعینات تھا تو ڈاکٹر کرشنن اس وقت صدر جمہوریہ تھے اور میں خوش قسمت ہوں کہ ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ان کی تندرست صحت اور لمبے قد کو دیکھتے ہوئے انہیں ان کے ساتھ سکیورٹی کا کام سونپا گیا جس کی وجہ سے انہیں ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
کرنل دھنی رام نے بتایا کہ سرو پلی رادھا کرشنن جیسی عظیم شخصیت کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا جن سے میں نے بہت کچھ سیکھا اور ان کا ادب و احترام آج بھی دل میں قائم و دائم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ ڈاکٹر صاحب نوجوانوں سے متعلق مجھے نصیحت کرتے تو کہتے کہ انہیں پیار سے سمجھا کر کام کروانا چاہئے تاکہ کسی کے دل کو ٹھیس نہ پہنچے۔
انہوں نے بتایا کہ آج جو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانس اسٹڈی شملہ میں واقع ہے وہ رادھا کرشنن جی کی وجہ سے ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر رادھا کرشنن نے اس طرح کے ادارے کا قیام کر کے پوری دنیا میں بھارت کا نام روشن کیا۔
وہیں اس موقع پر انہوں نے سب کو 'یوم اساتذہ' کی مبارک اباد پیش کی۔