کورونا وائرس کو لے کر حکومت مسلسل عوام کو آگاہ کر رہی ہے۔ کچھ ایک شرارتی عناصر کووڈ 19 کو لے کر مختلف غلط فہمیوں کو پھیلانے سے باز نہیں آرہے ہیں۔ وہیں دھرم شالا میں غلط فہمیوں اور انفیکشن کو روکنے کے لیے لوگوں کو مختلف طریقوں سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
ہماچل پردیش کے دھرم شالا اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی وشال نیہریا نے بتایا کہ لوگوں کو آگاہ کرنے کے لیے ایک الگ انداز میں 'بھوت نما' ملبوسات میں پروشوتمم نامی ایک فنکار کو اس کام کے لیے لگایا گیا ہے۔ اس کام میں چندر بھاردواج ان کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کرفیو میں نرمی کے دوران 8 سے 12 بجے تک یہ کورونا بھوت لوگوں کو کووڈ 19 سے آگاہ کرے گا۔
رکن اسمبلی وشال نیہریا نے بتایا کہ اس بیداری مہم کے لیے دھرم شالا کے سب ڈویژنل آفیسر ہریش مجو سے اجازت لی گئی ہے۔ یہ کورونا بھوت دھرم شالا اسمبلی حلقہ کے کوتوالی، کچہری، داڈی، یول، فتح پور، چیتاڈو، بگلی، گگل، ٹنگ، بڈوئی میں جلد ہی لوگوں کو دکھائی دے گا۔
رکن اسمبلی نے کہا کہ کورونا وائرس کے انفیکشن کو روکنے کے لیے 3 مئی تک ملک بھر میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، اس کے باوجود کچھ لوگ ابھی بھی سمجھ نہیں پا رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن لوگوں کو انفیکشن سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔ لہذا اب کورونا بھوت لوگوں کو بیدار کرے گا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بلا وجہ اپنے گھر سے نہ نکلیں اور لاک ڈاؤن کی مکمل پیروی کریں۔ سماجی دوری پر عمل کریں اور کرفیو میں نرمی کے باوجود بھی ماسک پہنیں۔ وائرس کے انفیکشن سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ انتظامیہ اور ماہرین کے مشورے پر عمل کریں۔