مرکزی حکومت نے ہماچل پردیش کے ہمیرپور میں دھولاسیدھ ہائیڈرو پروجیکٹ کے لئے 687.97 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔
اس کے بعد مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ انوراگ ٹھاکر اور سابق وزیر اعلی پریم کمار دھومل نے اس کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اور اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دونوں رہنماؤں نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس پوسٹ کو شیئر کیا اور ضلع کے عوام کو مبارکباد بھی پیش کی۔
وہیں مرکزی حکومت نے اس منظوری میں کہا ہے کہ 'یہ پروجکٹ 54 ماہ میں مکمل کیا جانا چاہئے۔ منظور شدہ رقم میں سول کام کے لئے 475 کروڑ روپے اور الیکٹرو مکینیکل کام کے لئے تقریبا 111 کروڑ روپے اور بقیہ رقم انفراسٹرکچر کی ترقی اور دیگر اشیاء کے لئے دی گئی ہے۔
اس منصوبے کے لئے رقم کی منظوری ملنے کے بعد سوجن پور اسمبلی اور پورے ہمیر پور ضلع میں خوشی کا ماحول ہے۔ بی جے پی کے ضلعی صدر بلدیو شرما جنرل منسٹر ہریش شرما اور ابھے ویر لولی ڈسٹرکٹ میڈیا انچارج انکش دت شرما نائب صدر راج کمار ورما ترجمان آدرش کانت شرما سہ میڈیا انچارج وکاس شرما کے ساتھ ترجمان وشال پٹھانیا نے باے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ انوراگ ٹھاکر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بی جے پی عہدیداروں نے کہا ہے کہ دھولاسیدھ ہائیڈرو پروجیکٹ ضلع ہمیر پور کی ترقی اور ہمیر پور کے لوگوں کے لئے بہتر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ برسوں سے سابق وزیر اعلی پروفیسر پریم کمار دھومل نے دھولاسیدھ ہائیڈرو پروجیکٹ کی تعمیر کا خواب دیکھا تھا اور اس خواب کو پورا کرنے کے لئے متعدد اقدامات کیے تھے۔
اس خواب کو پورا کرنے کے لئے مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ انوراگ ٹھاکر نے بھی تمام کوششیں کیں اور آج مرکزی حکومت نے اس منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے ایس جے وی این کمپنی کو 687.97 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔