ریاست ہریانہ کے ضلع نوح میوات میں تبلیغی جماعت میں آئے غیر ملکی تمام افراد اپنے وطن واپسی کے لئے آج دہلی روانہ ہو گئے ہیں۔ وہاں سے یہ تمام افراد ہوائی پرواز کے ذریعے اپنے اپنے ملک کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔
اس دوران آج جب تبلیغی جماعت کے افراد دہلی کے لئے روانہ ہو رہے تھے تو وہ وقت میوات کے لوگوں اور جماعت کے افراد کے لئے بے حد جذباتی تھا۔ گھر لوٹنے کی خوشی ان کی آنکھوں میں تھی لیکن خدمت کرنے والے میواتی لوگوں سے بچھڑنے کا غم بھی تھا۔
نوح میوات میں یہ جماعت محض دو ماہ کے لئے آئی تھی لیکن کورونا وائرس کے سبب ملک میں نافذ لاک داؤن کی وجہ سے اس جماعت کے تمام افراد کو چار ماہ میوات میں مقیم ہونا پڑا۔ اس دوران میوات کے لوگوں نے ان کی کافی خدمت کی ۔
اس سلسلے میں پولیس نے 58 تبلیغی جماعت کے افراد کے خلاف نوح تھانے میں ایک درجن سے زائد دفعات کے تحت معاملہ درج کیا تھا لیکن نچلی عدالت اور سیشن جج پرشانت رانا کی عدالت نے سبھی دفعات کو بے بنیاد بتاتے ہوئے معمولی جرمانے کے ساتھ تما کو بری کر دیا۔ اور اب ایسا لگتا ہے کہ عید الاضحی کی خوشیاں سب اپنے گھر پر منائیں گے۔