ریاست ہریانہ کے اسمبلی انتخابات میں ٹِک ٹاک گرل اور بی جے پی کی امیدوار سونالی پھوگاٹ کے بیان سے تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ دراصل منگل کے روز بالسمنڈ میں مہم کے دوران سونالی نے 'بھارت ماتا کی جے' نہیں بولنے والے کو پاکستانی کہا تھا ۔
جس کے بعد فوگاٹ کے ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں یہ صاف نظر آرہا ہے کہ پھوگاٹ نے 'بھارت ماتا کی جے' کے نعرے بلند کرنے کو لوگوں سے کہا جس کے بعد کچھ لوگ بھیڑ میں خاموش ہوگئے۔ یہ دیکھ کر پھوگاٹ نے عوام سے پوچھا ، 'کیا آپ پاکستان سے آئے ہیں؟ کیا آپ پاکستانی ہیں؟ اگر آپ بھارتی ہیں تو پھر 'بھارت ماتا کی جے' کہیں۔
اس کے بعد پھوگاٹ نے بھیڑ میں نعرے نہ لگانے والوں کی طرف دیکھتے ہوئے کہا 'مجھے شرم آتی ہے کہ آپ جیسے بھارتی بھی ' بھارت ماتا کی جے ' کا نعرہ نہیں لگاتے ہیں۔
واضح رہے کہ سونالی پھوگاٹ ہریانہ کی ادم پور اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کی امیدوار ہیں ان کا مقابلہ سابق وزیراعلی بھجن لال کے بیٹے اور کانگریس امیدوار کلدیپ بشنوئی سے ہے۔
کلدیپ بشنوئی یہاں سے تین بار کانگریس کے رکن اسمبلی رہے ہیں اور ان کے والد بھجن لال اس اسمبلی حلقے سے آٹھ بار ایم ایل اے رہے تھے۔ اس جاٹ اکثریتی علاقے میں 1.60 لاکھ سے زیادہ ووٹرز ہیں اور کل 15 امیدوار میدان میں ہیں۔