ریاست ہریانہ کے سونی پت کے قریب واقع سنگھو بارڈر پر کسانوں کا احتجاج بدستور جاری ہے۔ جہاں وہ زرعی قوانین سے دستبرداری اور کسان مخالف قوانین میں ترمیم کا مطالبہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ شمالی ریاستوں کی طرح سنگھو بارڈر پر بھی شدید سردی ریکارڈ کی جارہی ہے۔ اس کے باوجود کسانوں کے احتجاج میں کسی بھی طرح کی کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔ شدید سردی کے سبب ایک اور کسان کی موت واقع ہوگئی ہے۔
سمجھا جارہا ہے کہ بڑھتی ہوئی سردی اور دل کا دورہ پڑنے سے کسان کی موت ہوئی ہے۔ متوفی کسان کا نام پالا سنگھ ہے جس کا تعلق پنجاب کے پٹیالہ سے ہے۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے جنرل اسپتال بھیج دیا ہے۔ واضح رہے کہ سنگھو بارڈر پر اب تک پانچ کسانوں کی اس تحریک کے تحت موت واقع ہوئی ہے۔