ہریانہ حکومت جلد ہی شراب کی فیکٹریوں میں تیار سینیٹائزر کو ریاست کے لوگوں تک پہنچانے کی تیاری کر رہی ہے۔
ان سینیٹائزر پر ریاست کے وزیر اعلی منوہر لال اور نائب وزیر اعلی دشینت چوٹالہ کی تصاویر ہیں۔
یہ بوتلیں جلد ہی ریاست کے لوگوں کو مہیا کی جائیں گی۔ یہ بوتلیں عوام کو مفت دی جائے گی یا ان کی کوئی مقررہ قیمت ہوگی، یہ ابھی تک واضح نہیں کیا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست میں دیسی شراب تیار کرنے والی فیکٹریاں ریاست کے عوام کو کووڈ 19 کی وبا سے بچانے کے لیے سینیٹائزر بنا کر مفت خدمات فراہم کریں گی۔ یہ کمپنیاں حکومت کے توسط سے تقریبا 9 کروڑ مالیت کا سینیٹائزر بنائے گی۔
ملک میں دیسی شراب تیار کرنے والی کمپنیوں نے سینیٹائزر تیار کرنا شروع کر دیا ہے جن کی پہلی کھیپ جلد حکومت تک پہنچنے والی ہے لیکن ان بوتلوں پر وزیر اعلی منوہر لال اور نائب وزیراعلیٰ ڈشینت چوٹالہ کی تصاویر لگانے کے سبب حکومت، حزب اختلاف کے نشانے پر آگئی ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان سینیٹائزر بوتلوں پر جو لیبل لگا ہوا ہے اس پر 90 روپے قیمت درج ہے لیکن ماہرین کے مطابق 9 کروڑ کے یہ سینیٹائزر حکومت کو بالکل مفت دستیاب ہونے جا رہے ہیں۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر یہ حکومت کو مفت میں دستیاب ہوں گے تو کیا حکومت بھی انہیں عوام میں مفت تقسیم کرے گی؟ اس سوال کے لیے کچھ وقت انتظار کرنا پڑے گا۔