ریاست ہریانہ کے ضلع نوح میوات میں آج ایک وفد نے ضلع کے ایس پی اور ڈی سی سے ملاقات کی اور گستاخ رسول نرسنہانند سرسوتی کے خلاف شکایت درج کراتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق آل انڈیا امامس کونسل ہریانہ کے صدر مفتی تعریف سلیم ندوی کی قیادت میں میوات وکاس سبھا اور بار ایسوسی ایشن نوح کے عہدیداران نے ایس پی نوح نریندر بجارنیا سے ملاقات کی۔
اس دوران انہوں نے پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والے نرسنہانند سرسوتی کے خلاف شکایت درج کراتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا۔
وفد نے ایس پی سے ملاقات کے بعد اس معاملے میں نوح کے ڈپٹی کمشنر دھیرندر کھڑگٹا کو صدر جمہوریہ کے نام ایک میمورنڈم پیش کیا۔
مفتی تعریف سلیم ندوی نے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'نرسنہانند سرسوتی پر کارروائی اس لئے ضروری ہے کہ صرف وہ گستاخ رسول نہیں ہے بلکہ اس نے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے،' اس نے ملک کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔
اس موقع پر وفد میں میوات وکاس سبھا کے صدر سلام الدین ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری ذوالفقار علی، بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری مقصود بطور خاص موجود تھے۔