ریاست ہریانہ کے ضلع میوات میں بارش نہ ہونے اور نہروں میں پانی نہ آنے سے درجنوں گاؤں بحران کا شکار ہو گئے ہیں۔ اب فصلیں سوکھنے کے دہانے پر ہے۔
بیشتر کسان اپنے کھیتوں میں کوئی بیج بھی نہیں ڈال سکے۔ ضلع انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی سے اپیل کے بعد بھی ڈرین میں پانی نہیں آ سکا ہے۔
میوات کے گاؤں میں نماز استسقاء کا اہتمام کیا جانے لگا ہے تاکہ اللہ رب العالمین اپنے بندوں پر رحم کرتے ہوئے بارش برسائیں۔
ضلع کے گوہانہ گاؤں میں بستی کے نوجوانوں، بزرگوں، بچوں یہاں تک کہ خواتین نے بھی اپنے گھروں سے باہر نکل کر نماز استسقاء ادا کی اور بارش کے لئے دعا مانگی۔
نماز استسقاء مولانا عبدالرحمان سلفی ناظم صوبائی جمعیت اہل حدیث ہریانہ نے پڑھائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دہلی: ندی میں نہانے کے دوران ایک شخص غرق
انہوں نے دعا کراتے ہوئے اللہ سے فریاد کی زمین پر چرند و پرند کے طفیل میں اللہ بارش کر دے تاکہ کھیت میں پھر سے فصل لہلہانے لگے۔
مولانا نظام الدین سنابلی ندوی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'جب انسان ناپ تول میں کمی کرنے لگے اور زکوٰۃ ادا کرنے میں کوتاہی کرنے لگے تو اللہ رب العزت آسمانوں سے بارش کا نزول روک دیتا ہے اور آج ہمارے اندر یہ اور اس طرح کی مختلف برائیاں پیدا ہو چکی ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'ہمیں اللہ سے توبہ کرنی ہوگی۔ہم اللہ سے توبہ کریں گے۔ بخشش کی دعائیں مانگیں گے تو اللہ کے فضل سے قوی امید ہے کہ وہ ہم پر اپنی رحمتوں کی بارش نازل فرمائے گا۔'