احمد آباد: گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک بزرگ کو نوجوان کو مشورہ دینا اس کی موت کا سبب بن گیا۔ بزرگ کے مشورہ پر نوجوان کو اتنا غصہ آیا کہ اس نے بزرگ کو چاقو سے حملہ کر قتل کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملزم نوجوان معین خان پہلے بھی کئی مقدمات میں جیل جا چکا ہے۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ واقعہ احمد آباد شہر کے مشرقی علاقے رامول کا بتایا جا رہا ہے۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق ملزم نوجوان ایک کیس میں ضمانت پر جیل سے باہر ہے۔ ملزم نوجوان کو بزرگ نے غلط کام نہ کرنے کا مشورہ دیا جسے سن کر نوجوان نے غصے میں آکر بزرگ کو چاقو مار کر قتل کردیا۔
نوجوان کے خلاف رامول پولیس اسٹیشن میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور پولیس اس کی تلاش میں ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مرنے والے بزرگ کی شناخت 61 سالہ مظفر خان پٹھان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ 2 مئی کو متوفی پٹھان اور اس کا دوست شکیل احمد جنتا نگر میں ایک پان کی دکان کے قریب بینچ پر بیٹھے تھے۔ جب نماز کا وقت ہوا تو وہاں سے چلے گئے۔ ملزم معین خان بزرگ سے ملا تو انہوں نے اسے غلط کام نہ کرنے کا مشورہ دیا کیونکہ معین خان ایک روز قبل ایک فوجداری کیس میں ضمانت پر رہا ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Bareilly Kebab Seller بریلی میں کباب فروش کا گولی مار کر قتل
بزرگ کی اس نصیحت سے وہ سخت ناراض ہوا اور اپنے پاس رکھے چاقو سے حملہ کر کے موقع سے فرار ہو گیا۔ زخمی بزرگ کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران معمر شخص کی موت ہوگئی۔ اس معاملے میں اے سی پی آر ڈی اوجھا نے بتایا کہ ملزم ایک کیس میں ضمانت پر باہر آیا تھا اور متوفی اسے جانتا تھا۔ بزرگ نے غلط کام نہ کرنے کا مشورہ دیا تو ملزم مشتعل ہو گیا اور تیز دھار ہتھیار سے بزرگ پر حملہ کر دیا جس سے ان کی موت ہو گئی۔