ریاست گجرات کے چیف انتخابی افسر ایس مرلی کرشن نے کہا ہے کہ راجیہ سبھا کی چار نشستوں کے لیے 19 جون کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے کے بیچ ووٹنگ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی اسی دن شام پانچ بجے سے شروع ہوگی۔
یاد رہے کہ یہ الیکشن 26 مارچ کو ہونا تھا، لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
راجیہ سبھا کی چار نشستیں جو خالی ہوئی ہیں ان میں سے تین بی جے پی جبکہ ایک کانگریس کے پاس تھی۔
کانگریس نے اپنے سینئر رہنما شکتی سنگھ گوہل اور بھرت سنگھ سولنکی کو میدان میں اتارا ہے، جبکہ بی جے پی نے ابھے بھاردواج، رمیلا بارا اور نرہری امین کو میدان میں اتارا ہے۔ اگر بی جے پی آخری منٹ میں امین کو امیدوار نہیں بناتی ہے تو پھر انتخابات کی ضرورت نہیں پڑتی۔
بتا دیں کہ راجیہ سبھا انتخابات کے لیے امیدوار بنائے جانے کے بعد 15 مارچ کو کانگریس کے پانچ رکن اسبملی پروین مارو، منگل کاوت، جے وی کاکڑیا، پردھومن سنگھ جاڑیجا اور سوما گانڈا پٹیل نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ جس کی وجہ سے کانگریس کے پاس صرف 68 رکن اسمبلی رہ گئے ہیں جبکہ بی جے پی کے پاس 103 رکن اسمبلی موجود ہیں۔