سفر حج کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا کی تیاریاں عروج پر ہیں اور گجرات حج کمیٹی بھی سفر حج کی تیاریوں میں مصروف ہے آئندہ ماہ سفر حج کے لئے قافلہ روانہ ہوگا اور مختلف ایئر پورٹ سے جدہ ائیر پورٹ تک پہنچے گا لیکن گجرات کے عازمین حج کے ساتھ ایک بڑی نا انصافی کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے لئے سابق رکن اسمبلی نے وزیر اعظم نریندر کو گوہار لگائی ہے۔
دراصل سابق رکن اسمبلی دریاپور غیاث الدین شیخ نے ایک ٹویٹ کر لکھا ہے کہ "عزت مآب وزیر اعظم اور عزت مآب وزیر داخلہ ہمیں فخر ہے کہ گجرات کا بیٹا ملک کی قیادت کر رہا ہے ایسے وقت میں آپ کی آبائی ریاست کے حجاج کرام کے ساتھ ناانصافی کا واقعہ سامنے آیا ہے ہمیں امید ہے آپ گجرات کے حجاج کرام کو انصاف دو۔ ممبئی سے جدہ کا فاصلہ 3515 کلو میٹر ہے جب کہ احمد آباد سے جدہ کا فاصلہ 3430 کلو میٹر ہے، پھر بھی گجرات کے عازمین سے 3,72,824/- رقم لینے جا رہی ہے اور ممبئی کے عازمین سے 3,04,843/- لیے جا رہے ہیں، گجرات کے عازمین سے 67,981/- زیادہ رقم لی جا رہی ہے۔ زائد چارج شدہ رقم کو ختم کرکے انصاف کیا جائے گا۔ پچھلے 4 سالوں میں گجرات اور ممبئی کے حاجیو سے لی جانے والی رقم کی فہرست بھی ہم نے اٹیچ کی ہے۔
گجرات کے حجاج کرام سے زیادہ رقم وصول کرنے پر گجرات میں ایک نیا تنازع چھڑ گیا ہے اور عازمین بھی مانگ کر رہے ہیں کہ سفر حج پر جانے سے قبل ان سے زیادہ کی رقم نہ لی جائے بلکہ ممبئی جتنی ہی رقم وصول کی جائے تاکہ گجرات کے عازمین حج کو سہولت اور راحت حاصل ہو۔
مزید پڑھیں: بھوپال کی مختلف مساجد میں حج تربیتی کیمپ