ریاست گجرات میں کورونا وائرس کے 5 مثبت کیس سامنے آئیں ہیں جس کے بعد انتظامیہ الرٹ ہوگیا ہے، اسی سلسلے میں آج احمدآباد میونسپل کارپوریشن کے کمشنر وجے نہرا نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے عوام کے حق میں کچھ اہم فیصلہ لیا ہے۔
اس میں احمدآباد میونسپل کمشنر وجے نہرا نے کورونا وائرس کے پیش نظر اپنے فیصلے میں شہر کے سبھی پان کی دکانوں کو 31 مارچ تک بند کرنے کا کا حکم دیا گیا ہے۔
دوسرا اہم فیصلہ لیتے ہوئے کمشنر نے کہا ہے کہ احمدآباد میں تمام عوامی نجی اور منی جم خانہ، کلب سوئمنگ پول، سیوک سینڑ کو بھی 31 مارچ تک بند رکھا جائے گا ۔
تیسرا فیصلہ عوامی مقامات پر تھوکنے پر پانچ سو روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا، لیکن یہ جرمانہ اب بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دیا گیا ،تاہم گزشتہ چار دنوں میں عوامی مقامات پر تھوکنے والے پیتالیس سو سے بھی زائد لوگوں سے بیس لاکھ روپے جرمانہ اب تک وصول کئے جا چکے ہیں .
چوتھا سب سے اہم فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے میونسپل کمشنر وجے نہرا نے کہا کہ وہ تمام خاندان جو 14 دنوں تک ہوم کورینٹائن میں رہنا چاہتے ہیں انہیں دودھ ، پانی سبزیاں اناج، راشن وغیرہ ضروری اشیا احمدآباد میونسپل کارپوریشن مفت میں ان کے گھرتک پہنچائے گی۔
وہیں بیرون ممالک سے آنے والے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے میونسپل کمشنر نے کہا کہ تمام بیرون ممالک سے آنے والے لوگوں کے اہل خانہ اس طرح کی سہولیات کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور وہ ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ جس کے لیے احمدآباد میونسپل کارپوریشن کی طرف سے ٹول فری نمبر اور کال سینٹر بھی شروع کیا گیا ہے ۔
میونسپل کمشنر وجے نہرا نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کی صبح سات بجے سے رات نو بجے تک عوام کے لئے اے ایم ٹی ایس، بی آر ٹی ایس بسوں کو پوری طرح بند رکھا جائے گا، اس کے علاوہ احمدآباد میونسپل کارپوریشن کے تحت چلنے والے تمام، باغ باغیچے، تالاب ، ریور فرنٹ کھانے پینے کے بازار، تمام تجارتی یونٹ، ہوٹل ریسٹورنٹس کو بھی مکمل طور پر بند رکھا جائے گا ۔