گجرات میں بڑی تعداد میں غیر ریاستی مزدور ایک ریاست سے دوسری ریاست ہجرت کرتے نظر آرہے ہیں ایسے میں پردیسی مزدور کا ایک کنبہ سوراشٹر کے موربی سے پیدل چلتا ہوا احمدآباد کے جوہاپورا علاقے میں پہنچا۔
مزدوروں کے اس کنبے میں بچے، جوان، بوڑھے سبھی شامل تھے اور گزشتہ سات دنوں سے وہ پیدل سفر کررہے ہیں، اکثر اوقات وہ بھوکے ہی رہتے ہیں، یہ مزدور لاک ڈاؤن کے دوران کام بند ہونے کے سبب اپنے آبائی وطن مدھیہ پردیش جارہے ہیں۔
جوہا پورہ پہنچے ان مزدوروں کی حالت زار دیکھ کر شہر کی معروف سماجی تنظیم الفلاح چیریٹیبل ٹرسٹ نے ان کے لیے کھانے پینے کا نظم کیا۔
اس تعلق سے ٹرسٹ کے رکن ساجد خان نے بتایا کہ مزدوروں کا یہ کنبہ بے حد پریشان حال اور بھوکا ہے، ان کے ساتھ چھوٹے چھوٹے بچے ہیں جن کے لیے ٹرست کی طرف سے کھانے کا انتظام کیا گیا۔ الفلاح چریٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے ہر طرح سے ان کی مدد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
تاہم مزدوروں کا کہنا ہے کہ موربی سے تمام مزدور سات دن قبل پیدل چلے تھے اور آج احمدآباد پہنچے ہیں، انھیں راستے میں جو کچھ مل جاتا ہے اسے کھا لیتے ہیں اور اپنے چھوٹے چھوٹے بچوں کو لے کر مدھیہ پردیش اپنے وطن جانے کے لیے نکل پڑے ہیں۔