گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی نے گزشتہ دنوں گجرات میں لو جہاد کے خلاف قانون لانے کی بات کی تھی اس دوران انہوں نے کہا تھا کہ آئندہ اسمبلی اجلاس میں لو جہاد کے خلاف سخت قانون بنایا جائے گا جس کے خلاف آج مائنارٹی کوآرڈینیشن کمیٹی گجرات نے گجرات کے گورنر کو ایک مکتوب لکھا ہے۔
اس تعلق سے مائنارٹی کوآرڈینیشن کمیٹی گجرات کے کنوینر مجاہد نفیس نے کہا کہ 'گزشتہ دنوں گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی نے بڑودہ میں ایک انتخابی جلسے کے دوران مسلم مذہب کے مقدس لفظ جہاد کو لو جہاد سے جوڑ کر لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وجے روپانی لوجہاد پر قانون بنانا چاہتے ہیں اور اسمبلی اجلاس میں اس کے خلاف قانون منظور کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پھروچ کے رکن پارلیمنٹ منسکھ وساوا نے گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی کو لو جہاد کے خلاف قانون بنانے کے لیے ایک خط بھی لکھا تھا۔
مزید پڑھیں:
رکن پارلیمان منسوکھ بھائی وساوا کےخلاف مقدمہ کا مطالبہ
مجاہد نفیس نے کہا کہ لو جہاد سے متعلق جو بیانات دئے جا رہے ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔ ایسے بیانات ووٹ پولرائز کرنے کے لئے دئے جاتے ہیں۔ یہ سیاسی سازش کا ایک حصہ ہے ریاست میں معاشرتی ہم آہنگی کی فضا کو خراب کرنے، دونوں مذاہب کے مابین امن اور عدم اعتماد، ہم آہنگی کو خراب کرنے کی شازش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم گورنر سے درخواست کرتے ہیں کہ لفظ جہاد کے غلط استعمال پر کاروائی کی جائے اور اسمبلی میں اس قانون کو منظور کرنے سے روکا جائے۔