گجرات میں 21 فروری کو بلدیاتی انتخابات ہونے والے والے ہیں۔ اس میں سب سے خاص احمدآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات ہیں۔ احمدآباد میں بی جے پی اور کانگریس کے علاوہ عام آدمی پارٹی اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین بھی انتخابی میدان میں اترچکی ہیں۔
اسی درمیان آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے احمدآباد کے کھاڑیہ وارڈ کے امیدواروں نے احمدآباد شاہ بادشاہ کے دربار میں چادر پیش کر انتخابات میں جیت حاصل کرنے کی دعائیں مانگی۔
اس تعلق سے اے آئی ایم آئی ایم پارٹی کھاڑیہ وارڈ کے امیدوار امتیاز خان پٹھان نے کہا کہ احمدآباد شہر کو بسانے والے احمد شاہ بادشاہ کے دربار میں چادر چڑھا کر ہم اپنی تشہیری مہم کا آغاز کر رہے ہیں اور ہم دعائیں مانگتے ہیں کہ ہمارے تینوں امیدواروں کو جیت حاصل ہو۔
وہیں، کھاڑیہ وارڈ کے مجلس کے ایک اور امیدوار مناف ملا جی کا کہنا ہے کہ احمد شاہ بادشاہ نے 1411 میں احمد آباد شہر کو بسایا تھا۔ احمدآباد شہر اپنی تاریخی وراثت اور خوبصورتی کے لیے مشہور ہے، لیکن اب تک جتنی بھی پارٹیوں نے الیکشن جیتا ہے، سب نے اس شہر کا بیڑا غرق کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ احمدآباد کی خوبصورتی اور رونق کو بحال کیا جائے اور ایم آئی ایم پارٹی اس وقت کو اب واپس لائے گی۔