ریاست گجرات کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش ہونے کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی بھرا ہوا ہے۔ ضلع دیو بھومی دوارکا کی تحصیل کھامبھالیہ میں ایک دن میں 434 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
کھامبھالیہ میں شام چھ بجے سے آٹھ بجے کے درمیان دو گھنٹوں کے دوران 292 ملی میٹر بارش ہوئی، جس کی وجہ سے علاقوں میں کافی پانی بھرا ہوا تھا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ 'سو راشٹرا کے پوربندر ، گر سومناتھ، جوناگڑھ اور امریلی اضلاع کے ساتھ ساتھ جنوبی گجرات کے ولساڈ اور نوساری اضلاع میں بھی دن بھر تیز بارش ہوتی رہی۔'
محکمہ موسمیات کے احمد آباد سنٹر نے اگلے تین دن تک سوراشٹر، شمالی اور جنوبی گجرات میں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
وہیں پولیس نے بتایا کہ 'آسمانی بجلی گرنے سے سریندر نگر ضلع میں ایک کسان کی موت ہو گئی جبکہ ایک شخص کے ڈوبنے کی توقع ہے۔ وہ ایک پک اپ وین میں سفر کر رہا تھا، جو پانی کی تیز لہروں سے بہہ گئی۔'
اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے مطابق 'صبح سے رات آٹھ بجے تک پوربندر کے راناواو میں 152 ملی میٹر، پوربندر میں 120 ملی میٹر، گر سومناتھ کے سترپاڈا میں 103 ملی میٹر، نوساری کے چکھلی میں 99 ملی میٹر، ولساڈ کے پاردی میں 98 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔'