گجرات میں ہر روز اوسطاً 10 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے نئے معاملات سامنے آرہے جس کی وجہ سے انتظامیہ بھی تشویش میں ہے۔
اس دوران گجرات میں انسانیت کی ایک بہترین مثال سامنے آئی ہے جہاں بڑودہ کی جہانگیر پورا مسجد کو کووڈ سینٹر میں تبدیل کر دیا گیا۔
دراصل گجرات کے شہر بڑودہ میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اسی وجہ سے تمام ہاسپٹلز میں مریضوں کے لیے بیڈز کی کمی محسوس ہورہی ہے ایسے میں بہت سارے مذہبی مقامات اس مشکل گھڑی میں لوگوں کی مدد کے لیے آگے آرہے ہیں۔ جس میں وڈودرا کی جہانگیر پورا مسجد بھی شامل ہے اور اس مسجد کو کووڈ سینٹر میں تبدیل کر دیا گیا اور یہاں کورونا مریضوں کے لیے آکسیجن کے ساتھ 50 بیڈرز لگائے گئے ہیں۔
اس تعلق سے جہانگیر پورا مسجد کے منتظم عرفان شیخ نے کہا کہ ایسے وقت میں حکومت کو نشانہ بنانے کی بجائے سب کو مدد کے لیے آگے آنا چاہیے اسی لیے ہم نے مسجد کو کووڈ سینٹر بنا دیا۔ فی الحال اس مسجد میں آکسیجن کے ساتھ 50 بیڈز لگائے گیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر مذہب انسانیت کا سبق سکھاتا ہے اس لیے ہر شخص کو اس وبا کے دوران لوگوں کی مدد کے لیے آگے بڑھنا چاہیے نہ کہ حکومت پر تنقید کی جائے۔
اس کے علاوہ تالنجہ علاقے میں موجود دارالعلوم مسجد میں بھی آکسیجن کی سہولیات کے ساتھ 143 بیڈز پر مشتمل کووڈ کیئر سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
دارالعلوم مسجد کے مفتی عارف فلاحی کا کہنا ہے کہ اس کووڈ سینٹر میں ڈاکٹروں کے علاوہ میڈیکل عملہ سمیت 20 افراد کا مجموعی عملہ ہے اس کے ساتھ ہی 3 ایم ڈی ڈاکٹر بھی شامل ہیں جو کورونا مریضوں کا علاج کرنے کے لیے کمربستہ ہیں۔