ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کافی خطرناک طریقے سے پھیل رہی ہے اور بہت تیزی سے نئے معاملوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کورونا وائرس کے سبب گجرات میں حالات مزید خراب ہوتے جارہے ہیں اور روزانہ اوسطاً 10 ہزار سے زائد نئے معاملے درج کیے جا رہے ہیں۔
ایسے میں کورونا مریضوں کے لئے ہسپتال میں جگہ بھی ختم ہوتی جا رہی ہے جس کے سبب گجرات حج ہاوس میں کووڈ کیئر سینٹر شروع کیا گیا ہے۔
دراصل گجرات میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر احمدآباد میونسپل کارپوریشن نے گجرات حج کمیٹی کو ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ گجرات حج ہاؤس کو کووڈ سینٹر کے استعمال کے لیے دیا جائے، 6 اپریل کو یہ سرکولر جاری ہوا تھا۔ اس کے بعد 12 اپریل کو گجرات حج ہاؤس نے کووڈ کیئر سینٹر شروع کرنے کی اجازت دے دی۔
گجرات حج ہاؤس کے تین منزلوں پر کووڈ سینٹر بنایا گیا ہے اور سو سے زائد بیڈز لگائے گئے ہیں۔ ہر کمرے میں تین سے چار بیڈز کورونا مریضوں کے لئے لگائے گئے ہیں لیکن اب تک حج ہاؤس میں کسی بھی مریض کو نہیں رکھا گیا ہے۔ بہت جلد حج ہاؤس میں کورونا مریضوں کو داخل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کا منفی اثر: سیاحتی مقامات بند، ملازمین کے سامنے روزی روٹی کا مسئلہ
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی گجرات حج ہاؤس کووڈ سینٹر میں تبدیل کیا گیا تھا اور 2 ماہ تک ہزاروں مریضوں کو کورنٹائن کیا گیا تھا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس سال کس طرح کورونا مریضوں کے لیے حج ہاؤس کی جانب سے انتظامات کئے جاتے ہیں۔