ریاست گجرات کے دار الحکومت گاندھی نگر میں گاندھی نگر میونسپل کارپوریشن کے انتخابات 3 اکتوبر کو ہونے والے ہیں۔ یہ انتخابات کافی دلچسپ نظر آ رہا ہے کیونکہ پہلی بار بی جے پی کانگریس کے علاوہ عام آدمی پارٹی بھی گاندھی نگر میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے اور بڑی مضبوطی سے انتخابی مہم چلا رہی ہے۔
گاندھی نگر میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کو لے کر ای ٹی وی بھارت کی نمائندہ روشن آرا نے گجرات عام آدمی پارٹی کے صدر گوپال اٹالیہ سے خصوصی بات چیت کی۔
گوپال اٹالیہ نے ای ٹی وی بھارت نمائندہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 'عام آدمی پارٹی بہت ہی مضبوطی کے ساتھ گاندھی نگر کارپوریشن کے الیکشن لڑ رہی ہے۔ حالانکہ پہلی بار عام آدمی پارٹی پارٹی گاندھی نگر میں انتخابات لڑ رہی ہے جو ایک تاریخی انتخاب بننے والا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'یہ الیکشن آنے والے اسمبلی انتخابات کے لیے پرائمری ٹیسٹ کے طور پر مانا جا رہا ہے۔ اس الیکشن میں عام آدمی پارٹی کافی سرخیوں میں ہے۔ عوام بھی اس مرتبہ عام آدمی پارٹی کو ایک موقع دینا چاہتی ہے۔'
یہ بھی پڑھیں: UPSC 2020: یو پی ایس سی میں کامیاب ہوئے مسلم طلبہ سے خاص بات چیت
نمائندہ: احمدآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو ایک بھی سیٹ نہیں ملی تھی تو گاندھی نگر میونسپل کارپوریشن انتخابات میں کتنی سیٹیں جیتنے کا ٹارگیٹ بنایا ہے؟
گوپال اٹالیہ: ہمارا ہدف ایک ہی ہے ہم گاندھی نگر میونسپل کارپوریشن میں میئر بنائیں گے۔ اکثریت سے ہم جیتیں گے اور جیتنے کے لیے جو بھی چاہیے وہ کریں گے۔ عوام کو بھی اعتماد ہے کہ اس بار گاندھی نگر میں عام آدمی پارٹی کا ہی میئر بنے گا۔
نمائندہ: گاندھی نگر میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے پہلی مرتبہ بی جے پی کانگریس نے اپنے اپنے وزراء کو بھی تشہیرکے لیے میدان میں اتار دیا ہے ان کے سامنے عام آدمی پارٹی نے کیسا منصوبہ بنایا ہے؟
گوپال اٹالیہ: بی جے پی نے وزیر اعلیٰ کے تبادلے کے بعد پوری کابینہ کو نئی کابینہ بنایا۔ نئے وزراء کو کابینہ وزیر بنایا۔ ان وزراء کو ایک وارڈ کی ذمہ داری اس الیکشن میں سونپی گئی ہے۔ اگر اتنی شدت سے اتنے جنون سے ان وزراء سے کورونا کے دور میں کام کراتے، توکتے طوفان، تعلیم اور صحت کے لیے کام کراتے، تو آج بی جے پی کو اپنے کابینہ کے وزراء کو کارپوریشن الیکشن کے لیے نہیں اتارنا پڑتا۔ یہ ہماری پہلی جیت ہے کیونکہ بی جے پی کو پہلی بار عام آدمی پارٹی کے سبب اپنے وزراء کو وارڈ میں اتارنا پڑا۔ بی جے پی 27 سال سے گجرات میں حکومت کر رہی ہے۔ گاندھی نگر امت شاہ کا اسمبلی حلقہ ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور امت شاہ کا گڑھ ہے پھر بھی بی جے پی اپنے وزراء کو کارپوریشن الیکشن کے لیے اتارنا پڑا ہے۔'
نمائندہ: عام آدمی پارٹی کو گاندھی نگر میں کیسا رسپانس مل رہا ہے کچھ بدلاؤ آ سکتا ہے؟
گوپال اٹالیہ: بہت اچھا رسپانس مل رہا ہے۔ لوگ دل کھول کر ہمارا استقبال کر رہے ہیں اور لوگ بول رہے ہیں کہ ہم بی جے پی سے ڈرتے ہیں اس لیے کُھل کر سامنے نہیں آئیں گے لیکن ووٹ تو جھاڑو کو دیں گے۔ عوام گاندھی نگر میں بدلاؤ لانا چاہتی ہے۔'
نمائندہ: گاندھی نگر گجرات کا دارالحکومت ہے۔ اس کے باوجود یہاں کے لوگ کافی مسائل سے گزر رہے ہیں تو آپ لوگوں نے کیا وعدے کیے ہیں جو جیتنے کے بعد عام آدمی پارٹی عوام کو فراہم کرے گی؟
گوپال اٹالیہ: گاندھی نگر میں بیٹھ کر بی جے پی نے لوگوں کو گجرات ماڈل کا سپنا بیچا ہے لیکن گاندھی نگر میں بھی بہت سارے مسائل ہیں اس لیے ہم نے اپنا گرینٹی کارڈ عوام کے لیے جاری کیا ہے۔ اس کے تحت ہم اگر یہ الیکشن جیتتے ہیں تو ہم نئے طریقوں کی اسکولز بنوائیں گے۔ انگریزی میڈیم کی 10 نئی سرکاری اسکولز کھولیں گے۔ پراپرٹی ٹیکس میں 50 فیصد کی راحت دیں گے۔ سرکاری دوا- خانہ بنوائیں گے، اے سی بس شروع کریں گے۔ اسپورٹس اکاڈمی، کرکٹ اکاڈمی بنوائیں گے۔
گاندھی نگر میونسپل کارپوریشن کا انتخابات 3 اکتوبر کو جبکہ نتائج کا اعلان 5 اکتوبر کو ہوگا۔ اب دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ عام آدمی پارٹی اس انتخابات میں کیسا مظاہرہ کرتی ہے۔