توکتے طوفان بہت تیزی سے گجرات کے ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے۔ جس کی وجہ سے 18 مئی کی صبح گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کی پیشین گوئی محکمہ موسمیات نے کی ہے۔ جس کا اثر گجرات کی ہواؤں میں آج سے ہی دیکھنے کومل رہا ہے۔ کیونکہ گجرات کے کئی اضلاع میں اتوار کے دن دوپہر بعد سے ہی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہو گئی ہے۔
محکمہ موسمیات گجرات کی ڈائریکٹر منورما موہنتی نے الڑٹ جاری کیا تھا کہ توکتے طوفان ویراول سے 62 کلو میٹر دوری پر ہے۔ گجرات کوسٹ میں یہ طوفان 17 مئی کو پہنچے گا اور 18 مئی کو صبح میں پور بندر، بھاونگر ، مہوا کے اضلاع و ساحل کو پار کرے گا اس وقت اس طوفان کی رفتار فی گھنٹہ 152 سے 160 کلو میٹر رہے گی۔
ایسے میں اس طوفان کے گجرات پہنچنے سے پہلے اس کا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ گجرات کے ضلع سورت، احمدآباد، بڑودہ، سوراشٹر، کچھ، پور بندر، سریندر نگر اور دیگر اضلاع میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہونی شروع ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ توکتے طوفان کے پیش نظر انتطامیہ الرٹ پر ہے۔ این ڈی آر ایف کی 30 ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے۔
پولس اور فائر محکمہ کو پوری طرح تیار رکھا گیا ہے۔ جب کہ ماہی گروں کو سمندر میں جانے سے روک لیا گیا ہے۔ دوسری جانب سوراشٹر جانے والی ٹرینوں کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔