12 اکتوبر 2020 کو مہاراشٹر کے گورنر نے مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ کو ایک خط لکھا تھا، جس کے صفحہ دو کے پیراگراف دو میں لکھا تھا کہ have you suddenly turned ''secular'' yourselves, the term you hated یعنی آپ اچانک سے سیکولر ہوگئے جبکہ سیکولر کی اصطلاح سے آپ کو نفرت ہے؟
اس معاملے پر 'مائناریٹی کوآرڈینیشن کمیٹی گجرات' نے سوال اٹھایا اور صدر جمہوریہ کو ایک خط لکھ کر مہاراشٹر کے گورنر کو ان کے عہدے سے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس تعلق سے مائناریٹی کوآرڈینیشن کمیٹی گجرات کے کنوینر نے صدر جمہوریہ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ مہاراشٹر کے گورنر کے بیان سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے گورنر کا عہدہ سنبھالنے کے وقت لی گئی حلف کو قبول نہیں کیا ہے
انہوں نے کہا کہ جب خود گورنر ہی آئین کی بے قدری کررہے ہیں تو آپ خود اسے نہیں مانتے توپھر ریاست میں آئین کا تحفظ کیسے ممکن ہے؟
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ 'جناب صدر جمہوریہ آپ ملک کے پہلے شہری ہیں آپ آئین کے تحفظ کے لیے بھی پر عزم ہیں اس لیے میں آپ سے گذارش کرتا ہوں کہ مہاراشٹر کے گورنر کو فوری طور پر ان کے عہدے سے ہٹا کر ملک کے سامنے ایک مثال پیش کریں، جس سے ملک کے شہریوں میں آئین کے احترام کی اہمیت کو تقویت ملے'۔