گجرات میں کورونا وائرس کے بڑھتے انفکشن کے سبب تمام مذاہب کے تہوار منانے پر روک لگا دی گئی ہے۔ ایسے میں عید میلاد النبی سینٹرل کمیٹی کے چیئرمین نے وزیر اعلیٰ گجرات وجے روپانی کو ایک خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ رات 12 بجے تک شب برات کے موقع پر عوام کو قبرستان اور مساجد میں داخل ہونے کی رعایت دی جائے۔
اس تعلق سے عید میلاد النبی سینٹرل کمیٹی کے رفیق نگری نے کہا کہ گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل نے حال ہی میں ہولی کا تہوار منانے کے لیے گجرات میں تھوڑی رعایت دی ہے لیکن شب برات کے لیے کسی طرح کی رعایت نہیں دی گئی ہے۔
28 مارچ کو ہولی ہے اور اسی روز مسلمانوں کا بڑا تہوار شب برات بھی ہے۔ اس رات کو مسلمان رات بھر جاگ کر قبرستان، مساجد اور اپنے گھروں میں عبادت کرتے ہیں، اس لئے ہمیں رعایت ملنی چاہئے۔
انہوں نے بتایا کہ قبرستان پر مسلمان چادر اور پھول چڑھانے جاتے ہیں۔ مساجد اور گھروں میں اللہ کی عبادت کرتے ہیں۔ اپنے گناہوں سے توبہ کرتے ہیں اور ملک میں امن و امان کی دعائیں مانگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی کورونا وائرس کے سبب شب برات پر پوری طرح پابندی لگائی گئی تھی اور اس سال بھی پابندی عائد ہے۔ ایسے میں جب حکومت ہولی پر رعایت دے سکتی ہے تو سب کا ساتھ سب کا وکاس سب کا وشواش کہنے والی حکومت کو شب برات پر رعایت دینی چاہیے تاکہ مسلمان کورونا سے نجات کی دعائیں مساجد میں بھی مانگ سکے اور اپنے مرحومین کے ایثال ثوابِ کے لیے دعائیں بھی کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں کورونا وائرس کی تازہ ترین تفصیلات
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ حکومت اس پر غور کرے گی اور شب برات کے موقع پر عوام کو قبرستان و مساجد میں جانے کی اجازت دی جائےگی۔