جمالپور علاقے میں ہر روز پندرہ سے زیادہ کورونا مریض پائے جارہے ہیں لہذا احمدآباد کے کل کورونا مریضوں کی تعداد میں سے تقریبا پندرہ فیصد پازیٹیو کیسز اسی علاقے سے ہر روز درج کیے جاتے ہیں اور اسی علاقے میں اس وبأ سے سب سے زیادہ اموات بھی ہوئی ہیں اس لیے اب احمدآباد کے جمالپور علاقے کو ووہان بھی کہا جا رہا ہے۔
گجرات کے تین بڑے ہاٹ اسپاٹ قرار دیے گئے علاقے جمالپور، دانی لمڑا، بہرام پورا علاقہ ایک دوسرے سے متصل ہیں کیونکہ یہ علاقے انتہائی گھنی آبادی والے علاقے ہیں اس لیے یہاں بڑی تیزی سے یہ وبأ پھیل رہی ہے۔
احمد آباد کا دوسرا سب سے بڑا ہاٹ اسپاٹ بہرام پورا علاقہ ہے جہاں ہر روز دس سے بارہ کورونا پازیٹیو کیسز درج کیے جاتے ہیں
بہرام پورا علاقے میں اب تک 350 سے زیادہ کورونا مریض پائے گئے ہیں اسی کے ساتھ ہی احمدآباد کا تیسرے نمبر کا کورونا متاثرہ علاقہ دانی لمڑا بھی اسی قطار میں ہے۔
یہاں موجود شفیع منزل علاقہ جو بہت گھنی آبادی والا علاقہ ہے وہاں ایک ساتھ چالیس افرد کی کورونا رپورٹ پازیٹیو آنے پر حکومت حرکت میں آئی اور وہاں اس وبأ پر کنٹرول کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جانے لگی جس کی وجہ سے اب اس علاقے میں کورونا مریضوں کی تعداد میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے۔
اسی طرح احمد آباد کے وسط اور جنوبی علاقوں میں بھی صورت حال بہت خراب ہے ان علاقوں میں اموات کی شرح بڑھتی جارہی ہے صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے یہاں 6 دن کا کرفیو بھی نافذ کیا گیا تھا لیکن حالات جوں کے توں ہی رہے۔
اگر تینوں وال سٹی علاقوں کی تعداد پر نظر ڈالیں تو اوسطا 50 کورونا پازیٹیو کیسز یہاں ہر روز درج کیے جاتے ہیں۔
حالات کے پیش نظر احمدآباد میونسپل کارپوریشن ان علاقوں کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہیں لیکن سوشل ڈسٹنس اور گھنی آبادی کی وجہ سے یہاں کورونا وائرس پر قابو پانا مشکل ہوتے جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گجرات میں اب تک کورونا وائرس کے 6625 کیسز درج کیے جا چکے ہیں جن میں سے 4700 سے زائد کیسز صرف احمدآباد شہر سے سامنے آئے ہیں اور اب تک احمدآباد میں 298 افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔