نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے گجرات کے دوارکا میں 470 کروڑ روپے کی لاگت سے نیشنل کوسٹل پولیس اکیڈمی کے مستقل کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر مرکزی داخلہ سکریٹری اور بارڈر سیکورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل سمیت کئی معززین موجود تھے۔ شاہ نے کہا کہ منفی موسم اور جغرافیائی حالات میں ساحلی سیکورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے 450 ایکڑ سے زیادہ اراضی پر نیشنل کوسٹل پولیس اکیڈمی شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں سے ملک اور اس کی سرحدوں کی سلامتی مضبوط ہوئی ہے۔ شاہ نے کہاکہ "سرحد کی حفاظت کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہمارے سرحدی محافظوں کے رہنے اور کام کرنے کی سہولیات میں اضافہ کیا جائے، حکومت کو ان کے خاندان کے افراد کی صحت کا خیال رکھنا چاہیے اور انھیں جدید ترین سہولیات فراہم کی جانی چاہیے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ حال ہی میں ہندوستانی بحریہ اور ڈرگ کنٹرول بیورو نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے کیرالہ کے ساحل سے 12,000 کروڑ روپے کی منشیات ضبط کی ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ جس ملک کی سرحدیں محفوظ نہیں ہیں وہاں ترقی کا کوئی مطلب نہیں، سرحدوں کی چوبیس گھنٹے حفاظت سے ہی ملک محفوظ رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی 15000 کلومیٹر لمبی زمینی سرحد اور 7516 کلومیٹر لمبی سمندری سرحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7516 کلومیٹر طویل سمندری سرحد میں سے 5422 کلومیٹر سرزمین کی سرحد ہے اور 2000 کلومیٹر جزائر کی سرحد ہے۔ اس 7516 کلومیٹر طویل سمندری سرحد پر 1382 جزیرے، 3337 ساحلی گاؤں، 11 بڑی بندرگاہیں، 241 غیر اہم بندرگاہیں، 135 خلائی ادارے، دفاع، ایٹمی توانائی، پٹرولیم، جہاز رانی وغیرہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Shah on Drafting of Laws قوانین کے مسودے میں مہارت کی ضرورت ہوتی ہے: شاہ
انہوں نے کہاکہ ’’ان سب کی حفاظت کرنے والوں کے لیے کوئی خاص تربیت نہیں تھی، لیکن 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملے کے بعد ساحلی سرحدوں کی حفاظت کی ضرورت محسوس ہوئی۔‘‘ شاہ نے کہاکہ ’’یہ تب ہی ہو سکتا ہے جب ساحلی سلامتی کے لیے تربیت کا منصوبہ بند طریقے سے اہتمام کیا جائے۔ سال 2018 میں وزیر اعظم نے نیشنل کوسٹل پولیس اکیڈمی کو منظوری دی اور اسے شری کرشنا کے شہر میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوارکا کا مطلب ہے ملک کا گیٹ وے، اس وقت بھگوان شری کرشن متھرا سے یہاں آئے اور اسے سمندری سرحد سے تجارت کا ایک بڑا مرکز بنایا۔ آج مودی جی کے تصور سے ہی شری کرشن کی سرزمین اوکھا میں پورے ملک کی ساحلی حفاظت کے لیے تربیتی کام ہو رہا ہے۔
یو این آئی