ریاست گجرات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے میونسپل کارپوریشن انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جاسکتا ہے لیکن گجرات ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے کورونا وائرس کے پیشِ نظر گجرات میں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس تعلق سے ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے الیکشن کمیشن کو پہلے ہی ایک مکتوب روانہ کردیا ہے۔
اس معاملے کی تفصیل بتاتے ہوئے ویلفیئر پارٹی آف انڈیا گجرات کے صدر اکرام بیگ مرزا نے کہا کہ گجرات میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، عام آدمی سے لے کر ہر پارٹی کا رہنما بھی کورونا سے متاثر ہو چکا ہے اب ایسے حالات میں میونسپل انتخابات کرانے سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انلاک-4 ہونے کے باوجود مرکزی حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے، ملک کی جن ریاستوں میں کورونا کے سبب حالات خراب ہوئے ہیں وہاں انتخابات تین ماہ تک کے لیے ملتوی کردیے گئے ہیں۔
اکرام بیگ مرزا کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتخابات کے دوران کورونا کے سبب تمام حفاظتی گائیڈ لائن پر عمل کرنا مشکل ہو سکتا ہے اس لیے پارٹی کا مطالبہ ہے کہ کورونا وبأ کے سبب گجرات میں میونسپل انتخابات کی تاریخ کو تین ماہ تک کے لیے آگے بڑھا دیا جائے۔