ربیع الاول کا چاند نظر آچکا ہے اور 19 اکتوبر کو 12 ربیع الاول کے موقع پر جشن عید میلاد النبیؐ منایا جائے گا۔ ایسے میں گجرات میں عید میلاد النبیؐ کے موقع پر جلوس نکالنے کی اجازت اب تک انتظامیہ کی جانب سے نہیں دی گئی ہے۔ وہیں عید میلاد النبیؐ پر سرکردہ پارٹیاں سیاست کرتی نظر آرہی ہیں۔ اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت کی اردو نمائندہ روشن آرا نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین احمدآباد کے صدر شمشاد خان پٹھان سے خصوصی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ اس میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پورے گجرات میں جن لوگوں نے بھی عید میلاد النبی کے جلوس کی اجازت مانگی ہے، ان تمام کو جلوس نکالنے کی اجازت دی جائے۔
مزید پڑھیں :احمد آباد: مہنگائی کے خلاف ایم آئی ایم کا احتجاجی مظاہرہ
انہوں نے کہا کہ رتھ یاترا، گنیش وسرجن و نوراتری جیسے مذہبی تہوار کے موقع پر کووڈ گائڈلائن اور قوانین کے تحت جشن منانے کی اجازت دی گئی ہے اور حکومت نے بی جے پی کو جن آشیرواد ریلی نکالنے کی بھی اجازت دی تھی۔ گجرات میں ضمنی انتخابات و میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے دوران بھی ریلیوں اور پروگرام کی اجازت دی گئی تھی، لیکن گجرات پولیس نے اب تک عیدمیلاد النبیؐ کے جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ڈی جی پی سے درخواست کی ہے کہ ریاست بھر کے مختلف شہروں اور دیہات کا دورہ کریں اور تمام پولیس اسٹیشن میں عید میلاد النبیؐ کے جلوس کے حوالے سے ہدایت جاری کریں۔ مختلف تنظیموں کی درخواست کو منظور کیا جائے تاکہ کووڈ 19 کے ایس او پی کے مطابق جلوس نکال کر گجرات میں عید میلاد النبیؐ کا جشن منایا جاسکے۔