ریاست گجرات کے شہر احمدآباد کے تین دروازہ میں رہنے والی مسلم خواتین ہر سال ایک سے بڑھ کر ایک پیغامات عام کرنے والی راکھیاں بناتی ہیں۔ لیکن گزشتہ دو سالوں سے کورونا وبا اور اس سے ہوئی اموات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان مسلم خواتین نے کورونا وائرس کی تھیم پر راکھیاں بنائی ہیں جو کافی فروخت کی جا رہی ہے۔
اس تعلق سے راکھی بنانے والی مسلم خاتون کا کہنا ہے کہ 'ملک بھر میں کورونا وائرس کے معاملے بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور بڑی تعداد میں لوگ کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس لئے ہم نے خاص طور سے ماسک، کورونا ویکسین اور کورونا سے حفاظت کے پیغام والی راکھیاں بنائی ہیں۔ اس راکھی کو باندھ کر ہر بھائی کو یاد رہے کہ ابھی کورونا ختم نہیں ہوا ہے اور ہمیں کورونا کو شکست دینی ہے اور محفوظ رہنا ہے۔
ایک اور مسلم خاتون کا کہنا ہے کہ 'راکھی ایک ایسا تہوار ہے جس میں بھائی اپنی بہن سے اس کی حفاظت کرنے کا وعدہ کرتا ہے۔ اس لیے اس سال ہم لوگ کورونا سے حفاظت کا وعدہ لینے والی راکھی بنا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم مودی کے لیے احمدآباد کی مسلم خواتین کی راکھی
انہوں نے بتایا کہ 'اب تک ہم لوگوں نے پچاس ہزار راکھی بنا لی ہے۔ ہماری راکھیاں لوگوں کو بہت پسند آ رہی ہیں۔ اس لیے ہماری راکھیاں چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، اور پورے گجرات کے لوگوں نے خریدی ہے۔
احمدآباد میں گزشتہ 40 سال سے راکھی بنانے والے تاجر اقبال بیلم نے کہا کہ 'اس سال راکھی کا بزنس اچھا ہوا ہے کیونکہ اس سال لڑکیوں نے بھی خوب راکھی بنوائی ہیں اور یہ راکھیاں کورونا سے حفاظت کے پیغام پر ہیں۔