گجرات کی 6 میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے نتائج کا اعلان آج کیا جا رہا ہے۔ ایسے میں احمدآباد کے ایل ڈی انجینیئرنگ کے گنتی مرکز پر عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے جم کر احتجاج کیا۔
عآپ کے کارکنوں کا الزام ہے کہ رائے شماری صحیح طریقے سے نہیں ہورہی ہے۔ اس تعلق سے عام آدمی پارٹی کی ایک امیدوار نے کہا کہ گجرات میں 50 فیصد سے زیادہ ووٹنگ نہیں ہوئی اس کے باوجود بی جے پی شروع سے آگے ہے اور تین سے چار راؤنڈ میں 30 ہزار سے زائد ہر وارڈ میں لیڈ کر رہی ہے یہ کیسے ممکن ہے؟
ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی غلط کاؤنٹنگ کرا رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ رات 1 بجے ای وی ایم مشین میں بی جے پی نے غلط ووٹنگ سیٹینگ کی ہے اور اسی لیے جیت کا دعویٰ کر رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ موجودہ گنتی کو روک کرکے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی جائے اور ہوسکے تو دوبارہ الیکشن کیا جائے۔