جان لیوا کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر گجرات میں اسکولز، کالجز، سینما گھر اور سیاحتی مقامات کو بند کر دیا گیا ہے اس کے ساتھ ہی حکومت نے عوامی اجتماع نہ کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔
اس کے علاوہ اب گجرات حکومت نے احمد آباد میں واقع سابرمتی آشرم کو دس دنوں تک (19 مارچ سے 29 مارچ) تک عوام بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ریاستی حکومت کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے پوری طرح کمر پستہ ہے اور اس مہلک وائرس سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے مختلف فیصلے لے رہی ہے جس کے تحت اسٹیچو آف یونیٹی، رانی کی واو، رانی سپری کی مسجد، سیدی سعید کی جالی والی مسجد جیسے تاریخی عمارتوں اور مقامات کو بھی بند کرنے کا اعلان محکمہ آثار قدیمہ نے کر دیا ہے۔
اسی دوران تاریخ میں پہلی بار احمدآباد کے سابرمتی ندی کے کنارے واقع سابرمتی آشرم کو کورونا وائرس وجہ سے بند کرنے کا فیصلہ حکومت نے لیا ہے اور شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر گاندھی آشرم کو 10دنوں تک بند رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ ریاست گجرات میں ابھی تک کورونا وائرس کا ایک بھی مثبت کیس سامنے نہیں آیا ہے لیکن شہریوں کی حفاظت اور کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے حکومت ہر روز کچھ نا کچھ فیصلے لے رہی ہے۔