احمدآباد: گجرات حج کمیٹی کی جانب سے ہر سال بڑی تعداد میں عازمین حج کا قافلہ سفر حج پر روانہ ہوتا ہے۔ ماہ جنوری میں فارم بھرے جاتے ہیں لیکن مہینہ گزر جانے کے باوجود اب تک حکومت ہند نے حج پالیسی کا اعلان نہیں کیا۔ نوٹیفکیشن جاری کرنے میں تاخیر کی وجہ سے عازمین حج کے درمیان بے چینی پائی جا رہی ہے۔ عازمین حج اس کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں تاخیر ان کی مایوسی کی وجہ بن رہی ہے۔ احمدآباد کے جوہاپورا میں رہنے والے آصف خان جولی نے کہا کہ ہم حج بیت اللہ جانے کے لیے گجرات حج کمیٹی سے مسلسل تین سال سے فارم بھر رہے ہیں لیکن اب تک نام نہیں آیا۔ ایسے میں ہم امید کر رہے ہیں کہ اس سال ہم حج بیت اللہ کے سفر پر روانہ ہوں گے لیکن اب تک ہم انتظار کر رہے ہیں کہ حج کمیٹی کی جانب سے فارم جاری ہوگا لیکن اب تک ایسا نہیں ہوا ہے۔ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہونے کی وجہ سے ہم پریشان ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:Arvind Kumar Appointed Judge Of Supreme Court گجرات ہائی کورٹ کے جج اروند کمار سپریم کورٹ کے نئے جج مقرر
صوفی محمد ابراہیم شاہ نے کہا کہ سرکار نے پالیسی کا اعلان ہی نہیں کیا ہے اس سے لوگوں میں مایوسی پائی جا رہی ہے۔وہ فی الحال نوٹیفکیشن اور پالیسی کے انتظار میں ہیں۔ حکومت یا پھر حج کمیٹی کی جانب سے اس کے لیے کوئی مناسب اقدام نہیں کیا گیا ہے۔ حکومت اس سلسلے میں غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے۔ مرکزی حج کمیٹی کو اس سلسلے میں ٹھوس قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ 2019 میں گجرات سے 12 ہزار لوگوں نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔ کورونا کے بعد گزشتہ سال 2022 میں گجرات کے حج کوٹہ میں کٹوتی کرنے کی وجہ سے صرف تین ہزار عازمین ہی حج کے سفر پر جا سکے تھے۔
کانگریس کے رہنما مرزا حاجی اسرار بیگ نے کہا کہ حکومت ہند کی جانب سے ہمیشہ سے جلد از جلد حج پالیسی طے ہو جاتی ہے لیکن بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اس سال ابھی تک پالیسی کا اعلان نہیں کیا گیا۔ گجرات میں تو اتنی بڑی تعداد میں عازمین حج فارم بھرتے ہیں اور کوٹہ بھی اچھا خاصا ملتا تھا لیکن حکومت کی عدم توجہی کے سبب لوگ پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ سعودی حکومت سے ہم بات چیت کر کے کوٹے میں اضافہ کریں تاکہ ہندوستان سے زیادہ سے زیادہ لوگ سفر حج پر جا سکیں اور ان کی خواہش بھی پوری ہو۔ ذرائع کے مطابق اگلے ہفتے حج پالیسی کے اعلان کا امکان ہے۔